پاکستان کے دو شہروں کیلئے ہفتہ وار متعدد پروازیں آپریٹ کی جائیں گی
ابوظہبی سے پاکستان کا سفر کرنے کیلئے ائیر سیال نے کرایہ ایک ہزار درہم مقرر کیا
ابوظہبی، اسلام آباد (آئی این پی )پاکستان کی نجی ائیر لائن ائیر سیال نے ابوظہبی سے اسلام آباد، لاہور کیلئے ہفتہ وار پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے ۔پاکستان کی نجی ائیرلائن کی جانب سے ابوظہبی سے پاکستان کے دو شہروں کیلئے ہفتہ وار متعدد پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔ ائیر سیال کی جانب سے ابوظہبی سے لاہور کے لئے ہفتہ وار تین جبکہ اسلام آباد کے لئے ہفتہ وار چار پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔ ابوظہبی سے پاکستان کا سفر کرنے کیلئے ائیر سیال نے ابتدائی کرایہ ایک ہزار درہم مقرر کیا ہے۔ابوظہبی ایئرپورٹس کے مطابق یہ نئی پروازیں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مضبوط ہوتے معاشی اور سماجی روابط کی علامت ہیں۔ ائیر سیال کی پہلی پرواز زاید انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر پہنچی۔ائیر سیال کے چیئرمین فضل جیلانی نے کہا کہ ابوظہبی کے لیے براہِ راست پروازوں کا آغاز ہماری علاقائی کنیکٹویٹی کو بہتر بنانے کے مشن میں ایک اہم سنگ میل ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ نیا روٹ پاکستانی کمیونٹی اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے ایک اہم اور سہل رابطہ فراہم کرے گا، جو پاکستان اور یو اے ای کے گہرے اور دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔