آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا ٹور دبئی سے اسلام آباد منتقل، بھارت کے انکار کے باعث شیڈول کا اعلان مؤخر

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا ٹور دبئی سے اسلام آباد منتقل، بھارت کے انکار کے باعث شیڈول کا اعلان مؤخر

ویب ڈیسک:انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چیمپئنز ٹرافی کی ٹرافی کو دبئی سے اسلام آباد منتقل کر دیا ہے، تاہم بھارت کے انکار کے سبب چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان ابھی تک نہیں کیا جا سکا۔

 آئی سی سی کے مطابق، 16 نومبر سے چیمپئنز ٹرافی ٹور کا آغاز ہو گا، جو 24 نومبر تک جاری رہے گا۔ٹرافی ٹور کا آغاز اسکردو سے ہو گا اور اس کے بعد اسے کے ٹو بیس کیمپ لے جایا جائے گا۔ اس ٹور میں وہ تمام شہر بھی شامل ہوں گے جہاں چیمپئنز ٹرافی کے میچز منعقد ہوں گے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کیے بغیر ہی ٹرافی کا ٹور شروع ہو رہا ہے۔عام طور پر آئی سی سی ٹورنامنٹس کے آغاز سے 4 ماہ قبل شیڈول کا اعلان کرتا ہے، مگر بھارت کی جانب سے ٹورنامنٹ میں شرکت سے انکار کے بعد شیڈول کا اعلان مؤخر کر دیا گیا۔ چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان میں شیڈول ہے، تاہم بھارت کے انکار کے باعث آئی سی سی اس ٹورنامنٹ کا شیڈول نہ دے سکا۔ لاہور میں 11 نومبر کو شیڈول کا اعلان ہونا تھا، لیکن بھارتی ٹیم کے ٹورنامنٹ میں حصہ نہ لینے کے باعث اس تقریب کو منسوخ کر دیا گیا۔ بھارت کے تمام میچز لاہور میں ہونے تھے، اور ان کے انکار کے بعد آئی سی سی کو اپنے منصوبوں میں تبدیلیاں کرنی پڑیں۔