رحیم اللہ عرف شاہد عمرکو ظہرانے میں شرکت کے بعدواپس جاتے ہوئے شرنگل میں گولی ماری گئی
سر کی قیمت ایک کروڑ روپے مقرر تھی،بگرام جیل میں 8سال گزارے،ٹی ٹی پی کے شیڈو گورنر بھی رہے
اسلام آباد/کابل(آئی این پی ) افغانستان کے صوبے کنڑ کے علاقے شرنگل میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میںکالعدم تحریک طالبان پاکستان کا اہم کمانڈر رحیم اللہ عرف شاہد عمر ہلاک ہوگیا ۔میڈیارپورٹس کے مطابق کالعدم ٹی ٹی پی رہنما کی ہلاکت سے متعلق افغانستان اور پاکستان حکومت کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا تاہم عسکریت پسند تنظیم نے اپنے کمانڈر کے ہلاکت کی تصدیق کردی ہے ۔افغان سکیورٹی فورسز کے ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے ٹی ٹی پی کمانڈر کو اس وقت گولی مار کر ہلاک کیا گیا جب وہ اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ افغان طالبان کی جانب سے دیے گئے ظہرانے میں شرکت کے بعد واپس اپنے مقام پر جارہے تھے۔رپورٹس کے مطابق پاکستان کے سکیورٹی حکام نے بتایا ہے کہ ٹی ٹی پی کمانڈر شاہد عمر کے سر کی قیمت ایک کروڑ روپے مقرر تھی۔ہلاک ہونے والا دہشت گرد کالعدم ٹی ٹی پی کا سینئر کمانڈر تھا جس نے افغان طالبان کی جانب سے رہا کرنے سے قبل بگرام جیل میں 8 سال گزارے ہیں۔وہ ڈیرہ اسماعیل خان کے لیے ٹی ٹی پی کے شیڈو گورنر بھی رہے ہیں اور انہوں نے عسکرت پسند تنظیم کے فوجی کمیشن کے رکن کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں ہیں۔