پشاور پی ٹی آئی کا سیاسی قبلہ ہے: کنول شوزاب

 میرا قافلہ ڈی چوک پہنچا بھی نہیں ایف آئی آر درج کر دی گئی،مقدمات درج  سے ڈرنے والے نہیں
 پاکستان اور بانی پی ٹی آئی کے لیے نکلے تھے، پی ٹی آئی میں قائد صرف عمران خان باقی ورکرز ،حالیہ حمزہ
 پشاور(آئی این پی )پی ٹی آئی رہنما اور صدر ویمن ونگ کنول شوزاب نے پشاور کو موجود حالات میں پی ٹی آئی کا سیاسی قبلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد مارچ کے دوران ان کا قافلہ ڈی چوک پہنچا بھی نہیں کہ ان کے خلاف ایف آئی آر درج کر دی گئی۔کنول شوزاب پارٹی خواتین رہنمائوں خدیجہ شاہ، عالیہ حمزہ اور دیگر کے ہمراہ راہ داری ضمانت کے لیے پشاور ہائیکورٹ آئیں اور دراخوست دائر کر دی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ان کے اور پارٹی کی دیگر خواتین کے خلاف ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں، پنجاب اور اسلام آباد میں ان کے خلاف ایسی ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں جنہیں دیکھ کر ہی ہنسی آتی ہے۔کنول شوزاب نے کہا کہ پہلی بار پشاور ہائیکورٹ آئی ہوں اور پشاور ہائیکورٹ سے انصاف کی امید ہے، دیگر جن صوبوں میں ایف آئی آرز درج ہیں، وہاں انصاف کی باتیں تو ہوتی ہیں لیکن کوئی انصاف دیتا نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ڈی چوک میں سب کو احتجاج کی اجازت دی گئی لیکن ان کے پرامن احتجاج پر گولیاں چلائی گئیں لیکن وہ ڈرنے والے نہیں مقابلہ کریں گے۔راہداری ضمانت کے لیے پشاور ہائیکورٹ آنے والی پی ٹی آئی کی خاتون رکن عالیہ حمزہ مالک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ڈی چوک احتجاج پرامن تھا کہ ان کے خلاف کارروائی ہوئی۔ ہمارا ایک ہی سادہ سا سوال ہے کہ پرامن احتجاج کرنے والے پاکستانیوں پر گولیاں کیوں چلائی گئیں۔انہوں نے کہا پی ٹی آئی کے کارکنان پاکستان اور عمران خان کے لیے نکلے تھے۔ پی ٹی آئی میں قائد صرف عمران خان ہیں اور ورکرز ہیں۔