چمن اور لکی مروت میں دستی بم حملے، 4 افراد جاں بحق، 7 زخمی

چمن اور لکی مروت میں دستی بم حملے، 4 افراد جاں بحق، 7 زخمی

بلوچستان کے ضلع چمن اور خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پیش آنے والے دو الگ الگ دستی بم حملوں میں مجموعی طور پر 4 افراد جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق لکی مروت کے علاقے بہرام خیل میں ایک گھر کے اندر دستی بم پھٹنے سے رشید نامی شخص، اس کی بھابھی اور کمسن بھتیجا جاں بحق ہوگئے، جبکہ تین بچے زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا گیا، جبکہ دھماکے کی نوعیت اور اسباب جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔دوسری جانب بلوچستان کے ضلع چمن میں قومی شاہراہ کی تعمیر پر مامور مزدوروں پر نامعلوم افراد نے دستی بم حملہ کر دیا۔ پولیس کے مطابق حملے کے وقت مزدور سو رہے تھے کہ ان پر دستی بم پھینکا گیا، جس کے نتیجے میں ایک مزدور جاں بحق جبکہ چار دیگر زخمی ہوگئے۔زخمی مزدوروں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں تاکہ ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔