لکی مروت: خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں جوڈیشل کمپلیکس کے اندر فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی سیکرٹری اطلاعات جاوید اقبال ایڈووکیٹ سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔
فائرنگ کے بعد کچہری میں بھگدڑ مچ گئی اور جوڈیشل کمپلیکس کو آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ایڈیشنل سیشن جج کے کمرہ عدالت کے باہر پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کی۔ فائرنگ کی زد میں آکر پولیس اہلکار کرامت اللہ جاں بحق ہوگیا، جبکہ پیپلز پارٹی کے ضلعی سیکرٹری اطلاعات جاوید اقبال ایڈووکیٹ اور انشاء اللہ نامی شخص شدید زخمی ہوئے۔واقعے کے بعد زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے انہیں مزید علاج کے لیے بنوں منتقل کر دیا گیا۔ فائرنگ کے باعث عدالتی احاطے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگوں میں بھگدڑ مچ گئی۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد جوڈیشل کمپلیکس کو ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا۔ پولیس نے علاقے میں سکیورٹی انتظامات سخت کر دیے ہیں، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
نوشہرہ میں اسسٹنٹ کمشنر مانسہرہ پر فائرنگ
دوسری جانب نوشہرہ کے علاقے پناکوٹ چراٹ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے اسسٹنٹ کمشنر مانسہرہ عادل وسیم شدید زخمی ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق زخمی اسسٹنٹ کمشنر کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق عادل وسیم مانسہرہ میں تعینات ہیں اور فاتحہ خوانی کے لیے اپنے آبائی گاؤں آئے ہوئے تھے کہ انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔