خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں تحصیل سرائے نورنگ کے علاقے نورنگ ریلوے پھاٹک کے قریب دھماکا ہوا ہے۔
پولیس نے دھماکے کی تصدیق کی ہے جبکہ اسپتال انتظامیہ کے مطابق ابتدائی معلومات کے مطابق اس واقعے میں 7 افراد جاں بحق اور 10 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں 2 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے تاکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کا عمل جاری ہے جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔یہ واقعہ سرائے نورنگ میں پیش آیا ہے، جو کہ لکی مروت کا ایک اہم تجارتی علاقہ سمجھا جاتا ہے۔حکام کی جانب سے تاحال دھماکے کی نوعیت اور محرکات کے بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں بتایا گیا، تاہم تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔