لاہور موڑ پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہلاک ڈاکوسلیمان متعدد مقدمات میں مطلوب تھا ، ساتھی فرار
خانیوال (خصوصی رپورٹ)لاہور موڑ فرخ کالونی میں سی سی ڈی اور مبینہ ڈاکوئوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ اس کے ساتھی فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق سی سی ڈی اہلکاروں کو دیکھتے ہی ڈاکوئوں نے فائرنگ شروع کر دی، جس پر اہلکاروں نے دفاع اور جوابی کارروائی کے تحت فائرنگ کی۔فائرنگ کے دوران ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی مبینہ فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔ ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت محمد سلیمان ولد نزیر احمد سکنہ بھلوال کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو بین الاضلاعی گینگ کا ریکارڈ یافتہ رکن تھا اور مختلف مقدمات میں مطلوب تھا۔ فائرنگ کے بعد ڈاکو کے دیگر ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی گرفتاری کیلئے پولیس نے تلاش شروع کر دی ہے۔ریسکیو اہلکاروں نے ہلاک ڈاکو کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فرار ملزمان کی گرفتاری کیلئے کارروائیاں جاری ہیں اور واقعہ کی مزید تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔