انمول اور آمنہ کے خلاف آپریشنز ونگ نے چوری کامقدمہ درج کیا،ٹائون شپ انویسی گیشن کے حوالے کیا تھا
لاشیں پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل ،خواتین آئس کا نشہ کرتی تھیں،بظاہر نشہ نہ ملنے پر دم توڑگئیں،ایس ایس پی
لاہور(کرائم رپورٹر)ٹاؤن شپ میں انویسٹی گیشن پولیس کی تحویل میں دو خواتین پراسرار طور پر جاں بحق ہو گئیں،پولیس ذرائع کے مطابق انمول اور آمنہ نامی خواتین کو مبینہ چوری کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا،آپریشنز ونگ نے دونوں خواتین کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد انہیں مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کیا تھا ، جہاں دورانِ حراست دونوں کی پراسرار طور پر موت واقع ہو گئی،پولیس نے ہلاکتوں کی وجوہات جاننے کیلئے لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیں جبکہ مزید قانونی کارروائی اور تحقیقات جاری ہیں، پولیس حکام کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حقائق سامنے آئیں گے۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے کہاہے کہ دونوں خواتین آئس کے نشے کی عادی تھیں ، بظاہر وہ نشہ نہ ملنے پر دم توڑ گئی ہیں ، انہوں نے مزید کہا کہ موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی سامنے آئے گی۔