لاہور(کرائم رپورٹر)رنگ محل کے علاقے میں45 سالہ سونار پراسرار طور پر پلازے کی چھت سے نیچے گرکرجاں بحق ہوگیا۔ورثاء نے الزام عائد کیا ہے کہ اسے سی آئی اے پولیس نے چھت سے نیچے پھینک کر ہلاک کیا ہے۔تاجر کی ہلاکت پر ورثاء اور اہل علاقہ پولیس کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے اور انہوں نے رنگ محل چوک میں لاش رکھ کرشدید احتجاج کیا۔تفصیلات کے مطابق رنگ محل کے علاقے میں گذشتہ روز شادباغ کا رہائشی 45 سالہ اعجاز پلازے کی چھت سے نیچے گرکر ہلاک ہوگیا۔اعجاز سونار کی دکان میں کام کرتا تھا۔لواحقین نے الزام عائد کیا ہے کہ اعجاز کو پولیس نے پلازے سے نیچے پھینک کر قتل کیا ہے۔ورثاء کے مطابق پولیس چوری کے جھوٹے الزام پر گذشتہ چند روز سے اعجاز کو تنگ کررہی تھی۔گذشتہ روز پولیس اسے پکڑنے آئی اور پولیس نے اسے پلازے کی چھت سے نیچے دھکا دے دیا۔جس سے وہ موقع پر ہلاک ہوگیا ہے۔اعجاز کی ہلاکت پر ورثاء اور اہل علاقہ پولیس کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے اور انہوں نے رنگ محل چوک میں لاش رکھ کرشدید احتجاج کیا اور پولیس کے خلاف نعرے بازی کی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ پولیس اعجاز کی قاتل ہے۔واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور مظاہرین سے مذاکرات کی کوشش کرتی رہی۔پولیس کے مطابق واقعہ کے حوالے سے قانونی کارروائی جاری ہے۔