وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کشمیری عوام کی شناخت، حقوق اور خصوصی آئینی حیثیت پر حملے کا دن تھا، جسے پاکستان کبھی تسلیم نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ "کشمیر بنے گا پاکستان" کی آواز آج پوری دنیا میں گونج رہی ہے۔مریم نواز شریف نے آزادی کی جدوجہد میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ کے صبر، استقامت اور قربانیوں کو سلام پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے حقِ خودارادیت کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں، جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو انصاف فراہم کرنے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر موجودہ دور کا ایک بڑا انسانی المیہ ہے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی اقدامات نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قائد محمد نواز شریف نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر پر واضح اور دوٹوک مؤقف اختیار کیا۔مریم نواز شریف نے اپنے پیغام کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھے گا اور حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں پاکستانی قوم ہمیشہ اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔