وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے انسانی یکجہتی کے بین الاقوامی دن کے موقع پر ایک پیغام جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے کہا کہ یکجہتی، ہمدردی اور مساوات کا قیام ایک بہتر اور پرامن معاشرے کی بنیاد ہے۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ انسانی یکجہتی کی بدولت ہی غربت، ناانصافی اور معاشرتی ناہمواری کے خاتمے کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پنجاب انسانی خدمت کے اصولوں پر عمل پیرا ہے اور پنجاب حکومت کی تمام تر پالیسیز اور منصوبے انسانیت کی خدمت اور کمزور طبقات کی فلاح کے لیے وقف ہیں۔
پنجاب حکومت کی پالیسیز:
ہر طبقے کو ترقی میں شامل کرنے اور یکجہتی، بھائی چارے اور سماجی انصاف کے اصولوں کو فروغ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت ایک ایسے معاشرے کے قیام کے لیے دن رات کوشاں ہے جہاں ہر شخص کو برابری کے مواقع حاصل ہوں، اور رنگ، نسل، مذہب یا قوم سے بالاتر ہو کر انسانیت کی خدمت میں اپنا کردار ادا کیا جائے۔مریم نواز شریف کا یہ پیغام اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ پنجاب حکومت معاشرتی بہتری کے لیے پرعزم ہے اور انسانوں کے درمیان یکجہتی کو فروغ دینے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔