یومِ یکجہتی کشمیر: ملک بھر میں تقاریب، عام تعطیل، قیادت کا کشمیریوں سے بھرپور اظہارِ یکجہتی

یومِ یکجہتی کشمیر: ملک بھر میں تقاریب، عام تعطیل، قیادت کا کشمیریوں سے بھرپور اظہارِ یکجہتی

کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے آج ملک بھر میں یومِ یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے۔

 اس موقع پر پورے ملک میں عام تعطیل ہے جبکہ آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں صبح 9 سے 10 بجے کے درمیان سائرن بجائے جائیں گے اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ملک بھر میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے تقاریب منعقد کی جائیں گی، جبکہ آزاد کشمیر اور پاکستان کو ملانے والے راستوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی جائے گی۔ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس آج ہوگا، جس میں شرکت کے لیے وزیراعظم شہباز شریف مظفرآباد پہنچیں گے۔

صدر اور وزیراعظم کے پیغامات
یومِ یکجہتی کشمیر پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ یکجہتی کشمیر کشمیری عوام سے غیر متزلزل حمایت کی تجدید کا دن ہے۔ دنیا بھر میں پاکستانی اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں، جبکہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دینا ناگزیر ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بھارتی اقدام کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔

افواجِ پاکستان کا اظہارِ یکجہتی
افواجِ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر، نیول چیف اور ایئر چیف نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں اور بلاجواز گرفتاریاں ناقابلِ قبول ہیں، جبکہ بھارت کی جانب سے کشمیر کے آبادیاتی اور سیاسی تشخص کو بدلنے کی کوششیں بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ناگزیر ہے اور عالمی برادری کو کشمیری عوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ افواجِ پاکستان آزادی اور وقار کی جدوجہد میں کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہیں۔