وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ہر پاکستانی کے دل میں کشمیر کی محبت خون کی طرح دوڑتی ہے اور کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی ہم سب کے لیے باعثِ فخر ہے۔
مریم نواز شریف نے حقِ خودارادیت کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سات دہائیوں سے بھارتی ظلم و جبر کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے والے بہادر کشمیری سلام کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی بربریت نے جنت نظیر وادیٔ کشمیر کو ایک کھلی جیل میں تبدیل کر دیا ہے، جہاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں معمول بن چکی ہیں۔وزیرِاعلیٰ پنجاب نے اقوامِ متحدہ اور دیگر عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف اپنا قانونی اور اخلاقی کردار ادا کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کے بغیر خطے میں دیرپا امن کا قیام ممکن نہیں۔مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ مظلوم کشمیری عوام کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور پاکستان کشمیری عوام کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت پہلے کی طرح جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر عالمی فورم پر کشمیری عوام کے حق میں آواز بلند کرتا رہے گا۔اپنے پیغام کے اختتام پر وزیرِاعلیٰ پنجاب نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان شاء اللہ وہ دن ضرور آئے گا جب کشمیری عوام آزادی کا سورج اپنی آنکھوں سے دیکھیں گے۔