آبنائے ہرمز بدھ تک مکمل طور پر کھل جائے گی، معاملہ جلد کسی ایک طرف ہوجائے گا، یہ کوئی پیچیدہ چیز نہیں ، آبنائے ہرمز میں کوئی فیس نہیں ہوگی‘اگر کوئی اور چارج کرے گا تو امریکہ بھی فیس وصول کرے گا:ڈونلڈ ٹرمپ کی میڈیا سے گفتگو
استعفیٰ نہیں دوں گا ‘ ڈٹا رہوں گا‘ ہم فوجی دستوں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں‘ہمیں ایسی معاشرت تشکیل دینے کے لئے کام کرنا ہوگا جو دشمن کو مداخلت کی ترغیب نہ دے، اسے دراندازی کا کوئی موقع نہ ملے:ایرانی صدر مسعود پزشکیان
واشنگٹن‘تہران (آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسیک )امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے آبنائے ہرمز بدھ تک مکمل طور پر کھل جائے گی جبکہ ایران کے پاس یہ آخری موقع ہے وہ دستاویز پر دستخط کردے۔وائٹ ہائو س میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ معاملہ جلد کسی ایک طرف ہوجائے گا۔ یہ کوئی پیچیدہ چیز نہیں۔امریکی صدر کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کھلنا پہلا مرحلہ ہے، دوسرے مرحلے میں نیوکلیئر ایشو پر بات ہوگی۔ٹرمپ نے کہا ایران کے پاس نیوکلیئر ہتھیار نہیں ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا آبنائے ہرمز میں کوئی فیس نہیں ہوگی۔ اگر کوئی اور چارج کرے گا تو امریکہ بھی چارج کریگا۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ایرانی ذرائع ابلاغ نے صدر مسعود پزشکیان کے ایک ویڈیو بیان کے حصے نشر کیے ہیں جن میں ایران کے صدر کہتے ہیں میں استعفیٰ نہیں دوں گا اور ڈٹا رہوں گا۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اس ویڈیو میں ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا ہم فوجی دستوں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں۔مسعود پزشکیان نے کہا تھا ایران اپنی حدود اور خود مختاری کا دفاع کرتا ہے، لیکن جنگ کو وسعت دینے کا خواہاں نہیں‘سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے صدر پزشکیان کے حوالے سے بتایا ہمیں ایسی معاشرت تشکیل دینے کے لیے کام کرنا ہوگا جو دشمن کو مداخلت کی ترغیب نہ دے، اسے دراندازی کا کوئی موقع نہ ملے، اور نہ ہی ہمارے درمیان تقسیم پیدا کرنے یا ہمیں کمزور کرنے کا کوئی ذریعہ میسر آئے۔