دونوں ممالک کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات ہیں: نائب وزیراعظم کی ایران کیلئے نامزد سفیر عمران احمد صدیقی سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد( آئی این پی ) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے ایران کے ساتھ تجارتی عوامی روابط اور علاقائی تعاون کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں، پاکستان اور ایران کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق اسحاق ڈار سے ایران کیلئے نامزد سفیر عمران احمد صدیقی نے ملاقات کی، ایران کے ساتھ دوطرفہ تعاون تمام شعبوں میں بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاکستان اور ایران کے ثقافتی اور برادرانہ تعلقات کو اجا گر کیا، دو طرفہ تعاون کو تمام شعبوں میں وسعت دینے کے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔نائب وزیراعظم نے کہا پاکستان دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کیلئے پختہ عزم رکھتا ہے، قریبی رابطہ کاری اور باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے دوطرفہ روابط میں مثبت پیش رفت کے تسلسل کی اہمیت پر زور دیتے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے علاقائی امن، مکالمے اور استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری اور ذمہ دارانہ کردار کو بھی اجاگر کیا۔دریں اثناء جہ اسحاق ڈار سے پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر، احمد فاروق نے اسلام آباد میں ریجنل انوائز کانفرنس کے موقع پر ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے مختلف شعبوں میں جاری مثبت پیش رفت کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا،ملاقات میں دوطرفہ تعاون کو تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور انسانی وسائل کی ترقی سمیت تمام شعبوں میں مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا