سولر بجلی کی استعداد 38 ہزار میگاواٹ پر پہنچ گئی،عالمی سرمایہ کاروں اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں
اسلا م آباد(آئی این پی )وفاقی وزیربرائے توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ پاکستان شعبہ توانائی میں تاریخی تبدیلی سے گزر رہا ہے ،درآمدی ایندھن پر انحصار ملکی معیشت اور توانائی سلامتی کیلئے خطرہ ہے،پاکستان میں سولر بجلی کی استعداد 38 ہزار میگاواٹ پر پہنچ گئی، 2035 تک 90 فیصد صاف توانائی کا ہدف ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں سولر، اسٹوریج اینڈ فلیکسیبلٹی 2026 کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اویس لغاری نے کہا کہ بجلی پیداوار نہیں بلکہ موثر استعمال اور ذخیرہ کرنے کا چیلنج درپیش ہے، دن میں بجلی کی اضافی پیداوار جبکہ شام میں طلب بڑھ جاتی ہے، بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹمز بجلی کی ترسیل اور گرڈ کے استحکام کے لئے ناگزیر ہیں۔زیر توانائی نے عالمی سرمایہ کاروں اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ کانفرنس کی سفارشات کو براہِ راست حکومتی پالیسی سازی کا حصہ بنایا جائے گا