پی ڈی ایم اے پنجاب کا دریائے ستلج پر سیلابی الرٹ، شہریوں کو احتیاط کی ہدایت

پی ڈی ایم اے پنجاب کا دریائے ستلج پر سیلابی الرٹ، شہریوں کو احتیاط کی ہدایت

پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے ستلج کے گنڈا سنگھ والا مقام پر آئندہ دو روز میں درمیانے درجے کے سیلاب کا امکان ظاہر کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

ترجمان کے مطابق اس وقت دریائے ستلج میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔پی ڈی ایم اے کے ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو چوکنا رہنے کی ہدایت کی ہے اور کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ بارشوں کے سبب پنجاب کے دریاؤں اور ان سے جڑے ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ کو بھی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ خراب موسم کی صورت میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔