کراچی میں اپنے دو کمسن بچوں سمیت سمندر میں کود کر خودکشی کرنے والے اورنگزیب عالم کے والد نے بہو کو بیٹے اور پوتے پوتی کی موت کا ذمہ دار قرار دے دیا۔
نجی نیوز چینل سے گفتگو میں اورنگزیب کے والد نے اس واقعے کو قتل قرار دیتے ہوئے کہا کہ "ایک بدکردار لڑکی نے میرے گھر کو برباد کر دیا، میرے پوتے پوتی کو مجھ سے چھین لیا، یہ خودکشی نہیں بلکہ قتل ہے، بیٹے کو ایسا قدم اٹھانے پر مجبور کیا گیا۔"انہوں نے بتایا کہ 2015 میں اورنگزیب نے اہلِ خانہ کی مرضی کے خلاف پسند کی شادی کی تھی۔ شادی کے چند دن بعد ہی میاں بیوی میں لڑائی جھگڑے شروع ہوگئے۔ اورنگزیب نے بیوی کو ایک بار کسی غیر مرد سے فون پر بات کرتے پکڑا تھا۔
والد کے مطابق بعد میں بہو بچوں کو لے کر میکے چلی گئی اور عدالت کے ذریعے بچوں کی حوالگی حاصل کرلی۔ بیٹے نے بیوی سے صلح کے لیے معافی مانگی اور اس کی شرائط بھی مان لیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عمرہ پر جانے کے دوران بیٹے کی خودکشی کی اطلاع ملی، میرا بیٹا نشہ آور اشیاء استعمال نہیں کرتا تھا، وہ ایک اسکول ٹیچر اور شریف انسان تھا۔