لاہور: چوری کے الزام میں باپ بیٹا گرفتار، سہارا دینے والے کو بے سہارا کرنے کی کوشش ناکام

لاہور: چوری کے الزام میں باپ بیٹا گرفتار، سہارا دینے والے کو بے سہارا کرنے کی کوشش ناکام

لاہور: لوئر مال پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 9 لاکھ روپے مالیت کی مشینری چوری کرنے کے الزام میں باپ بیٹے کو راولپنڈی سے گرفتار کرلیا۔

 پولیس نے ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ تمام مشینری بھی برآمد کرلی ہے۔ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت یوسف اور حسن کے نام سے ہوئی ہے، جنہوں نے چند روز قبل مبینہ طور پر اس مقام سے مختلف اقسام کی مشینری چوری کی جہاں وہ ملازمت کرتے تھے۔ واردات کے بعد دونوں ملزمان فرار ہوگئے تھے۔

کاروبار میں نقصان کے بعد ملازمت پر رکھا گیا
پولیس حکام کے مطابق ملزمان کو کاروبار میں نقصان ہونے کے بعد مدعی مقدمہ نے ملازمت پر رکھا تھا۔ تاہم ملزمان نے مبینہ طور پر اسی موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مشینری چوری کرنے کی واردات کی۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق باپ بیٹے نے مشینری منتقل کرنے کے لیے لوڈر رکشے کا استعمال کیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں مبینہ طور پر ملزمان کو رکشے پر مشینری لے جاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، جس سے پولیس کو تفتیش میں مدد ملی۔

لوئر مال پولیس کی راولپنڈی میں کارروائی
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرنے کے بعد ملزمان کی تلاش شروع کی اور کارروائی کرتے ہوئے دونوں باپ بیٹوں کو راولپنڈی سے گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ان کے قبضے سے چوری شدہ مشینری بھی برآمد کرلی گئی ہے، جس کی مالیت تقریباً 9 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کو مزید تحقیقات کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔