لاہور (کرائم رپورٹر) ایس پی کینٹ کیپٹن (ر) قاضی علی رضا کی سربراہی میں چوکی نادر آباد پولیس نے کمیونٹی سیفٹی پولیسنگ کی بہترین مثال قائم کر دی۔ چوکی نادر آباد پولیس نے 15 کی کال پر فوری کارروائی کرتے ہوئے والدین کی پریشانی کو خوشی میں بدل دیا اور 7 سالہ بچے عامر کو ڈھونڈ کر بحفاظت والدین سے ملوا دیا۔ پولیس کے مطابق بچے کا ذہنی توازن درست نہ تھا اور وہ گھر سے باہر نکل کر واپسی کا راستہ بھول گیا تھا۔ بچے کی تلاش کے لیے الیکٹرانک و سوشل میڈیا، کیمرے، اعلانات اور وائرلیس کالز سے مدد حاصل کی گئی۔ ایس پی کینٹ قاضی علی رضا کے مطابق چند گھنٹوں کی کاوش سے چوکی انچارج نادر آباد نعیم سلطان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ بچے کو تلاش کر لیا۔ بچے کے بحفاظت ملنے پر والدین نے پولیس کا شکریہ ادا کیا اور دعائیں دیں۔ جرائم کنٹرول کرنے کے ساتھ ساتھ کمیونٹی پولیسنگ کو بھی فروغ دیا جا رہا ہے۔