یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے مظلوم کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
یومِ یکجہتی کشمیر کے حوالے سے جاری اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ دن کشمیری عوام سے غیر متزلزل یکجہتی اور حمایت کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستانی اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دینا ناگزیر ہے۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام گزشتہ آٹھ دہائیوں سے بھارتی قبضے کے خلاف ثابت قدمی سے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ یومِ یکجہتی کشمیر کا آغاز شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قیادت میں ہوا، جبکہ کشمیری عوام کی قربانیاں عزم، حوصلے اور استقلال کی روشن مثال ہیں۔آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ 5 اگست 2019ء کے بھارتی اقدامات غیر قانونی اور یکطرفہ تھے۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں روکنے پر مجبور کرے۔ صدر مملکت نے واضح کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ 5 فروری کشمیری عوام سے غیر متزلزل یکجہتی کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ایک حل طلب تنازع ہے اور سلامتی کونسل کی قراردادیں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی ضامن ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث کشمیری عوام دہائیوں سے حقِ رائے شماری سے محروم ہیں، جبکہ مقبوضہ کشمیر آج بھی جبر اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا گڑھ بنا ہوا ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا بھارتی اقدام غیر قانونی ہے۔ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا اور آزادی کی روشن سحر کشمیری عوام کا مقدر بن کر رہے گی۔