ویب ڈیسک: جنوبی کوریا کے مشہور اداکار سونگ یونگ کیو (Song Young-Kyu) پیر کی صبح جنوبی سیول کے علاقے یونگ اِن میں ایک پارک شدہ گاڑی کے اندر مردہ حالت میں پائے گئے۔
واقعے کی تفصیل
غیر ملکی میڈیا کے مطابق شہریوں نے ایک پارک شدہ کار میں اداکار کی لاش دیکھ کر فوری طور پر حکام کو اطلاع دی، جس کے بعد پولیس موقع پر پہنچی۔ اداکار کی موت کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔
پس منظر
یہ افسوسناک واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب جون میں 55 سالہ سونگ یونگ کیو کو شراب پی کر گاڑی چلانے (ڈرِنک اینڈ ڈرائیو) کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
مقامی رپورٹس کے مطابق وہ مبینہ طور پر نشے کی حالت میں تقریباً 5 کلومیٹر تک گاڑی چلاتے رہے، جو کہ جنوبی کوریا کے قانون کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کرنے کے لیے کافی ہے۔گرفتاری کے بعد انہیں بغیر حراست کے پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا تھا۔ اس واقعے کے بعد تنازع بڑھنے پر انہیں کئی پروجیکٹس سے بھی نکال دیا گیا تھا۔
اہل خانہ کا ردعمل
اداکار کی موت کے بعد ان کے اہلِ خانہ کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔