بھارت کی تیلگو فلم انڈسٹری کے معروف اداکار وجایا رنگا راجو 70 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، وجایا رنگا راجو کو گزشتہ ہفتے حیدرآباد میں ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہونے کے بعد چنئی کے ایک پرائیویٹ اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ جہاں ان کا علاج جاری تھا اور وہ دل کے دورے کا شکار ہو گئے، جس کے نتیجے میں ان کی وفات ہوگئی۔وجایا رنگا راجو کو فلم انڈسٹری میں اپنے ولن کے کرداروں کے لیے جانا جاتا تھا۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں تیلگو، تامل، کنڑا اور ملیالم زبان کی متعدد فلموں میں کام کیا، اور اپنی اداکاری کے ذریعے ناظرین میں مقبولیت حاصل کی۔ ان کے کرداروں نے انہیں ایک منفرد شناخت دی تھی، اور وہ ایک کامیاب اداکار کے طور پر پہچانے جاتے تھے۔
ان کے انتقال کی خبر نے ان کے چاہنے والوں اور فلمی دنیا کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔ ان کے اہل خانہ میں دو بیٹیاں شامل ہیں، جنہیں وہ سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔ وجایا رنگا راجو کی موت فلم انڈسٹری کے لیے ایک بہت بڑا نقصان ہے، اور ان کے کردار ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔