میکسیکو میں گزشتہ ہفتے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والے دو کولمبیائی موسیقاروں کی لاشیں برآمد ہو گئیں، جس کے بعد واقعے نے نہ صرف کولمبیا بلکہ میکسیکو میں بھی تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 31 سالہ بیرن سانچیز اور 35 سالہ جارج ہیریرا کو آخری مرتبہ میکسیکو سٹی کے علاقے پولانکو میں دیکھا گیا تھا۔ اس کے بعد دونوں کے لاپتہ ہونے کی خبر سامنے آئی، جس پر کولمبیا کے صدر نے اپنے میکسیکن ہم منصب سے ذاتی طور پر رابطہ کر کے ان فنکاروں کی تلاش میں تعاون کی اپیل کی تھی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کئی روز کی تلاش کے بعد دونوں کی لاشیں مختلف مقامات سے برآمد ہوئیں۔ حکام نے ابھی تک موت کی وجوہات کی باضابطہ تصدیق نہیں کی تاہم شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دونوں کو قتل کیا گیا۔میکسیکو کی وزارت خارجہ نے کولمبیا کے حکام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائیں گی۔ تحقیقات میں یہ بھی دیکھا جا رہا ہے کہ آیا واقعہ جرائم پیشہ گروہوں یا کسی ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہے۔
کولمبیا کے صدر نے اس افسوسناک واقعے پر لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ کولمبیائی حکومت اپنے شہریوں کے ساتھ پیش آنے والے ایسے سانحات کو ہر سطح پر اجاگر کرے گی اور انصاف کی فراہمی کے لیے میکسیکو سے مسلسل رابطے میں رہے گی۔خیال رہے کہ میکسیکو میں گزشتہ چند برسوں سے فنکاروں اور عام شہریوں کے اغوا اور قتل کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس نے بین الاقوامی سطح پر بھی تشویش پیدا کر رکھی ہے۔