وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی یومِ امن کے موقع پر اپنے پیغام میں قیامِ امن کے لیے خدمات انجام دینے والے پاکستان کی مسلح افواج اور دیگر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
عالمی یومِ امن ہر سال 21 ستمبر کو منایا جاتا ہے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت اور امن و امان کے قیام کے لیے تعینات افواجِ پاکستان کے جوان قابلِ قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے امن کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھانے والے دیگر سکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کو بھی سلام پیش کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سرگرم پولیس اہلکاروں اور دیگر اداروں کے جوانوں کی خدمات کو بھی سراہا اور ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔مریم نواز شریف نے امن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ امن و سلامتی کے لیے دی جانے والی قربانیاں قومی تاریخ کا اہم حصہ ہیں۔عالمی یومِ امن کے موقع پر دنیا بھر میں امن، رواداری اور تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت اجاگر کی جاتی ہے۔ رواں برس پاکستان کی قیادت کی جانب سے بھی امن، مکالمے اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے حل پر زور دیا گیا ہے۔