سیاسی کاوشوں کے بغیر دہشت گردی کے خلاف جنگ نہیں جیتی جا سکتی، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی زیادہ ہے
ہم نے افغانستان میں امن کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، ہمیں مایوس نہ کیا جا ئے، افغانستان کو اپنا فرض نبھانا ہوگا:تقریب سے خطاب
اسلام آباد(آئی این پی )وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے خبردار کیا ہے پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ناکام ہوا تو پوری دنیا لپیٹ میں آئے گی۔اسلام آباد میں یوم شہدائے پولیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ دہشت گردی کے اثرات بڑھے تو پوری دنیا لپیٹ میں آئے گی، سیاسی کاوشوں کے بغیر دہشت گردی کے خلاف جنگ نہیں جیتی جا سکتی، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی زیادہ ہے، وہاں کی صوبائی حکومتوں کو اپنا کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے 2 سے 3 سیکورٹی فورسز کے اہلکار اور افسران ہر روز شہید ہو رہے ہیں، بلوچستان اور خیبر پختونخوا، دونوں صوبوں میں غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا گیا، اب یہ قابل قبول نہیں رہا۔طلال چودھری نے کہا کہ وردی ایک فخر اور ایک فرض بھی ہے، یہ وردی کبھی کفن بن جاتی ہے، شہدا دنیا سے چلے جاتے ہیں اور ہمیں محفوظ کر جاتے ہیں، دنیا نے دیکھا پولیس کیا نہیں کرتی، شہدا نے اپنی جوانیاں قربان کیں، ہم شہدا کے وارث ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس کے امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خلاف اقدامات قابل ستائش ہیں، ماں نے اپنے بیٹوں، اور بچوں نے اپنے والد کو گھر سے بھیجا اور وہ واپس نہیں آیا، یہ وسائل اور وظائف شہدا کی قربانیوں کے سامنے کچھ بھی نہیں، پاکستان دہشت گردی کا شکار ہوا تو پولیس کی قربانیاں بے مثال رہی ہیں۔