قیادت نے تمام ارکان قومی اسمبلی اور سینیٹرز کو آج اسلام آباد طلب کرلیا‘ احتجاج تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے ہو گا‘ نگرانی سلمان اکرم راجہ کرینگے
جو احتجاج میں شامل نہیں ہوگا وہ دوسروں کو بھی غلام بنانے میں شامل ہوگا،ہم نے اپنی آزادی کی تحریک کو بلندی کی سطح پر پہنچانا ہے:وزیراعلی خیبرپختونحوا کا پیغام
اسلام آباد‘لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک‘ایجنسیاں)پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے 5 اگست کے احتجاجی پلان کو حتمی شکل دے دی، تمام ارکان قومی اسمبلی اور سینیٹرز کو اسلام آباد بلا لیا گیا جو اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے ارکان صوبائی اسمبلی اپنے متعلقہ حلقوں میں احتجاج کریں گے، مرکزی قیادت نے تمام صوبائی صدور اور چیف آرگنائزرز سے مشاورت مکمل کرلی۔ذرائع کے مطابق احتجاج تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے ہو گا جس کی مکمل نگرانی پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کریں گے۔سندھ بلوچستان، کے پی ٹی آئی اور پنجاب کے ذمہ داران نے احتجاجی شیڈول اعلی قیادت کو پہنچا دیا، تمام ٹکٹس ہولڈرز کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے، صوبوں کے صدور اور کوآرڈینیٹرز قیادت سے رابطے میں رہیں گے۔لاہور میںپی ٹی آئی کی جانب سے 5 اگست کے مجوزہ احتجاج سے قبل پولیس نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے 200 سے زائد کارکنوں کو حراست میں لے لیا ۔پولیس ذرائع کے مطابق مذکورہ افراد کو شہر کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا، جن میں سے کچھ کو شورٹی بانڈز(ضمانتی مچلکوں) پر چھوڑ دیا گیا ہے، تاہم پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور پولیس کی جانب سے ڈور ناکنگ کی کارروائیاں بھی کی جا رہی ہیں‘ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 5 اگست کو ایف نائن پارک میں جلسہ کرنے سے متعلق درخواست مسترد کردی،وزیراعلی کے پی علی امین گنڈا پور نے آ ج کے احتجاج کے حوالے سے خصوصی پیغام میں کہا ہے آج پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی ریلی نکالیں گے، ریلی رنگ روڈ سے ہوتے قلعہ بالا حصار پر اختتام پذیر ہوگی، جو اس احتجاج میں شامل نہیں ہوگا وہ دوسروں کو بھی غلام بنانے میں شامل ہوگا، آپ نکلیں کیا ہوتا ہے کس طرح ہوتا ہے وہ بعد میں دیکھیں گے۔ 5 اگست ہماری تحریک کا عروج کا دن مقرر ہوا ہے، اس دن ہم نے اپنی آزادی کی تحریک کو بلندی کی سطح پر پہنچانا ہے، ہر وہ شخص جو عمران خان اور حقیقی آزادی کی تحریک کے ساتھ ہے وہ شامل ہو۔علی امین گنڈا پور نے کہا کہ آپ سب نے باہر نکل کر اپنا احتجاج ریکا ر ڈ کرنا ہے، ہر ضلع، ہر گائوں، ہر تحصیل اور ہر گھر کے لوگوں نے باہر نکلنا ہے، آپ نے باہر نکل کر ثابت کرنا ہے کہ آپ عمران خان اور حقیقی آزادی کے ساتھ ہیں، اس تحریک کو اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک عمران خان کو رہا نہیں کردیا جاتا، جب تک ہمیں حقیقی آزادی نہیں مل جاتی۔