آج یوم یکجہتی کشمیر ریلی نکالیں گے:حافظ نعیم الرحمن

 ملک میں جاری مہنگی بجلی کے خلاف احتجاجی تحریک کے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان بھی کریں گے

لاہور(خصوصی رپورٹر)جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے  پاکستان کے 25 کروڑ عوام آزادی کشمیر کی صبح تک کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر جوش و خروش سے منایا جائے گا جس میں عوام بھرپور شرکت کریں گے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا  وہ لاہور کے مال روڈ پر یوم یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کریں گے، جہاں وہ نہ صرف کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کریں گے بلکہ ملک میں جاری مہنگی بجلی کے خلاف احتجاجی تحریک کے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان بھی کریں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گھروں سے نکل کر کشمیریوں سے اپنی محبت اور یکجہتی کا اظہار کریں۔انہوں نے کہا  کشمیر پاکستان کی نظریاتی، جغرافیائی اور معاشی شہ رگ ہے اور اس کی آزادی کے بغیر تحریکِ پاکستان کی تکمیل ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کشمیری عوام کے حقوق کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر محاذ پر ان کے حق میں آواز اٹھاتی رہے گی۔