معروف فلمساز جیمز کیمرون کی مشہور سیریز اوتار کی تیسری فلم اوتار: فائر اینڈ ایش کا پہلا ٹریلر سینما گھروں میں جاری کر دیا گیا۔ اس موقع پر سینما مالکان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اسے دیگر سیکوئلز کی طرح تاخیر کا سامنا نہیں کرنا پڑا کیونکہ جیمز کیمرون نے اسے دیگر فلموں کے ساتھ بیک وقت فلمایا تھا اور جلد ریلیز کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ اس طرح کی تیاریوں کی بدولت فلم کی ریلیز میں کوئی رکاوٹ نہیں آئی۔فلم کے پہلے ٹریلر میں نئے ناوی قبائل متعارف کرائے گئے ہیں جن میں ونڈ ٹریڈرز (جو فضا میں غبارے جیسے جہازوں پر سفر کرتے ہیں اور ایک پرامن قبیلہ ہیں) اور فائر پیپل شامل ہیں۔ ٹریلر کا آغاز ایک آسمان میں لڑائی سے ہوتا ہے جس میں ایک آگ سے لپٹا ہوا تیر ایک ناوی کو ہلاک کر دیتا ہے۔
کہانی دوسری سیریز دی وے آف واٹر کے بعد شروع ہوتی ہے۔ زوئی سالڈانا نے ٹریلر کی نمائش کے دوران بتایا کہ فائر پیپل وہ ناوی ہیں جنہوں نے ایوا (ناوی کا گھریلو سیارہ) کو ترک کر دیا ہے۔جیمز کیمرون نے ٹریلر کی نمائش کے دوران ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور بتایا کہ وہ اس وقت نیوزی لینڈ میں فلم کی تکمیل میں مصروف ہیں۔ فلم اوتار: فائر اینڈ ایش 19 دسمبر 2025 کو ریلیز ہوگی، اور یہ پہلے کی دونوں فلموں سے زیادہ کمائی کرنے کی توقع کی جارہی ہے۔