ہالی ووڈ اداکار براڈ پٹ کی نئی ایکشن تھرلر فلم "ایف 1" کا سنسنی خیز ٹریلر حال ہی میں جاری کیا گیا ہے، جسے یوٹیوب پر بہت زیادہ پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔
یہ فلم 27 جون 2025 کو عالمی سطح پر سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی، جبکہ کچھ ممالک میں اس کی ریلیز 25 جون کو ہوگی۔فلم "ایف 1" فارمولہ ون کے سات مرتبہ عالمی چیمپیئن لیوس ہیملٹن، پروڈیوسر جیری بروک ہائمر، ہدایتکار جوزف کوسنسکی، اور براڈ پٹ کی مشترکہ کاوش ہے۔ براڈ پٹ فلم میں ایف 1 کے تجربہ کار ڈرائیور سونی ہیز کا کردار ادا کر رہے ہیں، جو 1990 کی دہائی میں ایک حادثے کے بعد ایف 1 سے ریٹائر ہو چکے تھے۔ کہانی اس وقت کی ہے جب ہیز کو ایک بار پھر اپنی ٹیم کی مدد کے لیے واپس بلایا جاتا ہے۔
اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں حقیقی ایف 1 لمحے دکھائے گئے ہیں، جن میں براڈ پٹ کی سلور اسٹون گرینڈ پریکس میں حقیقی ڈرائیورز کے ساتھ موجودگی شامل ہے۔ فلم کی عکاسی اور ویژیول ایفیکٹس نے شائقین کو بے حد متاثر کیا ہے، اور اس کی ریلیز کا بے صبری سے انتظار کیا جا رہا ہے۔"ایف 1" نہ صرف ایک سنسنی خیز ایکشن تھرلر ہے، بلکہ یہ فارمولا ون کے شائقین کے لیے بھی ایک خاص تجربہ ثابت ہو گی، کیونکہ اس میں حقیقی ریسنگ لمحوں اور کھلاڑیوں کی موجودگی کو پیش کیا گیا ہے۔