ویب ڈیسک: نیٹ فلکس کی مقبول ترین سیریز ’اسکوئڈ گیم‘ کے تیسرے اور آخری سیزن کا سنسنی خیز ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔
سیزن 3 کا آغاز اس وقت سے ہوگا جہاں سیزن 2 ختم ہوا تھا، جس میں مرکزی کردار گی ہُن (اداکار لی جنگ جے) خفیہ اور مہلک کھیل کے پیچھے چھپی طاقتوں کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھے ہوئے ہے، مگر اب تک اس نے تقریباً سب کچھ کھو دیا ہے۔سیریز کے خالق ہوانگ ڈونگ ہیوک نے بتایا کہ اس سیزن میں گی ہُن کی ناکامی کے بعد کی داستان دکھائی جائے گی، جہاں وہ انسانیت، ہمدردی اور حوصلے کے ساتھ مقابلے کی کوشش کرتا ہے۔ ٹریلر میں گی ہُن کو جذباتی اور پچھتاوے میں مبتلا دکھایا گیا ہے۔آخری سیزن میں مشہور گیم ’ریڈ لائٹ، گرین لائٹ‘ کی خطرناک گڑیا ینگ ہی کی واپسی ہوئی ہے اور نئے خوفناک چیلنجز سامنے آ رہے ہیں۔
گلابی یونیفارم میں گارڈز اب بھی بے رحم ہیں، جبکہ فرنٹ مین ایک بار پھر منظر عام پر آیا ہے، جو گی ہُن سے مخاطب ہو کر سوال کرتا ہے: "کیا تمہیں اب بھی انسانوں پر یقین ہے؟"
اداکار لی بیونگ ہن نے وعدہ کیا ہے کہ یہ آخری سیزن دنیا بھر کے مداحوں کو مایوس نہیں کرے گا اور انہیں بھرپور لطف دے گا۔یاد رہے کہ ’اسکوئڈ گیم‘ کا تیسرا اور آخری سیزن 27 جون کو نیٹ فلکس پر ریلیز کیا جائے گا۔