جنوبی کوریا کی مشہور ویب سیریز "اسکوئڈ گیم" کے سیزن 2 کا انتظار ختم کرتے ہوئے، اس کا سنسنی خیز ٹریلر حال ہی میں ریلیز کر دیا گیا ہے، جو مداحوں کے درمیان بے حد مقبول ہو رہا ہے۔
اس سیریز کے سیزن 2 میں، لی جونگ جے ایک بار پھر "سیونگ گی ہن" (پلیئر 456) کے کردار میں نظر آئیں گے۔ اس نئے سیزن میں گی ہن اسکوئڈ گیم کو ختم کرنے اور معصوم جانوں کو بچانے کے لیے پرعزم دکھائی دے رہے ہیں۔ ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ گی ہن "ریڈ لائٹ، گرین لائٹ" گیم کے دوران دوسرے کھلاڑیوں کو بچانے کی کوشش کرتے ہیں، مگر افراتفری اور گولیاں چلنے کے سبب وہ ناکام ہو جاتے ہیں۔ اس دوران وہ گارڈز سے لڑتے ہیں اور اپنی زندگی بچانے کے لیے جدوجہد کرتے ہیں۔
لی جونگ جے کے ساتھ وی ہا جن (ہوانگ جون ہو) اور لی بیونگ ہن (فرنٹ مین) بھی اپنے کرداروں میں واپس آئیں گے۔ سیریز کے میکرز کا دعویٰ ہے کہ سیزن 2 شائقین کے لیے مزید سنسنی خیز اور ڈرامائی لمحات لے کر آئے گا۔یاد رہے کہ ستمبر میں نیٹ فلکس کے ایک ایونٹ میں سیزن 2 کی ایک مختصر جھلک دکھائی گئی تھی، جس میں گی ہن کے نئے مشن کا تذکرہ تھا۔ یہ دوسرا سیزن 26 دسمبر کو نیٹ فلکس پر ریلیز کیا جائے گا، جس کا شائقین شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔