نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں پاکستانی اوپنر امام الحق انجری کا شکار ہو گئے تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلے گئے اس میچ میں امام الحق فیلڈر کی پھینکی گئی گیند سے ہیلمٹ کے ذریعے منہ پر لگنے کی وجہ سے زخمی ہو گئے تھے۔میچ کے 3 اوورز کی تیسری گیند پر امام الحق رن لینے کے لئے دوڑ رہے تھے، جب فیلڈر نے تھرو کیا، جو امام کے ہیلمٹ سے ہو کر ان کے منہ پر جا لگی۔ اس کے نتیجے میں امام الحق زمین پر گر پڑے اور انہیں فوری طور پر میدان سے ایمبولنس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔
ابتدائی تشخیص کے مطابق امام الحق کے چہرے پر ہلکی چوٹ آئی تھی، تاہم اسپتال میں مزید معائنہ کیا گیا تاکہ انجری کی نوعیت کا بہتر اندازہ لگایا جا سکے۔ ڈاکٹروں کی ابتدائی رپورٹس میں کرکٹر کو دو ہفتے آرام کا مشورہ دیا گیا ہے، اور انہیں فضائی سفر کے لئے فٹ قرار دیا گیا ہے۔ امام الحق کی حالت اب بہتر ہے اور وہ جلد ہی مکمل صحت یاب ہونے کی امید رکھتے ہیں۔