انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ٹیکنیکل کمیٹی نے قومی کرکٹ ٹیم میں فخر زمان کی جگہ امام الحق کو اسکواڈ میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فخر زمان کی انجری کے باعث ان کی جگہ متبادل کھلاڑی کی شمولیت کے لیے آئی سی سی سے درخواست کی تھی، جسے منظور کرلیا گیا ہے۔31 سالہ امام الحق، جنہوں نے اب تک 72 ون ڈے میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے، بھارت کے خلاف اہم میچ میں ٹیم کا حصہ ہوں گے۔قواعد کے مطابق، کسی بھی کھلاڑی کی تبدیلی کے لیے ایونٹ کی ٹیکنیکل کمیٹی کی منظوری درکار ہوتی ہے، جس کے بعد متبادل کھلاڑی کو باضابطہ طور پر اسکواڈ میں شامل کیا جاتا ہے۔پی سی بی کے مطابق امام الحق کو جلد از جلد ویزہ جاری کردیا جائے گا تاکہ وہ ٹیم کے ساتھ شامل ہوسکیں۔واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے دوران فخر زمان انجری کا شکار ہوگئے تھے، جس کے باعث وہ ایونٹ کے بقیہ میچز کے لیے دستیاب نہیں رہے۔