نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کے اوپنر امام الحق چہرے پر گیند لگنے کے بعد زخمی ہو گئے، جس کی وجہ سے وہ میدان سے باہر چلے گئے۔
ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلے جا رہے اس میچ کے دوران امام الحق کی ایک شاٹ پر فیلڈر کی تھرو ان کے ہیلمٹ کی گرل سے ہوتی ہوئی ان کے چہرے پر جا لگی۔ اس حادثے کے باعث امام الحق کو "ریٹائرڈ ہرٹ" قرار دے دیا گیا اور انہیں گراؤنڈ سے باہر جانا پڑا۔ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے بتایا گیا کہ گیند امام الحق کے جبڑے پر لگی اور اس کے بعد وہ کنکشن ٹیسٹ پاس نہیں کر سکے۔ اس لیے امام الحق کی جگہ عثمان خان کو بیٹنگ کے لیے بھیجا گیا۔ اس وقت امام الحق کو گراؤنڈ میں موجود ایمرجنسی سینٹر میں طبی سہولت فراہم کی جا رہی ہے اور اگر ضرورت پڑی تو انہیں اسپتال لے جایا جائے گا۔
یہ حادثہ اس میچ میں پہلے ایسا واقعہ نہیں تھا، کیونکہ اس سے قبل دوسرے ایک روزہ میچ کے دوران حارث رؤف کو بھی ہیلمٹ پر گیند لگی تھی، جس کے بعد وہ بھی کنکشن کے سبب گراؤنڈ سے باہر چلے گئے تھے اور ان کی جگہ نسیم شاہ نے بیٹنگ کی تھی۔یاد رہے کہ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو تیسرے ون ڈے میچ میں 265 رنز کا ہدف دیا ہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم اس وقت تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن سبقت حاصل کر چکی ہے۔