کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پنجاب قائم ،سہیل چٹھہ سربراہ مقرر

پولیس آرڈر 2002 تبدیل ،آرڈیننس 2025 کی منظوری ،جلد تبادلے ہونگے
ہرضلع میں ایک ،لاہور میں 3 تھانے ہوں گے ،18جرائم کی تفتیش کی جائے گی 
لاہور ( کرائم رپورٹر)سنگین جرائم کے تدارک کیلئے پنجاب پولیس میں نئے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کی منظوری دے دی گئی اور اس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیاگیاہے ،پولیس آرڈر 2002 میں تبدیلی کر کے آرڈیننس 2025 کی منظوری بھی دے دی گئی۔آرڈیننس کے تحت نئے ڈیپارٹمنٹ یونٹ سی سی ڈی کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ ہونگے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی ہی سی سی ڈی یونٹ میں افسروں کے تبادلے کرے گا، ہر ضلع میں سی سی ڈی کا ایک تھانہ ہو گا جبکہ لاہور میں سی سی ڈی کے تین تھانے ہوں گے۔سی سی ڈی تھانوں میں ڈکیتی، قتل ڈکیتی قتل، اغوا برائے تاوان بھتہ خوری ،بچوں کیساتھ زیادتی، خواتین کیساتھ اجتماعی زیادتی، چوری، گھروں میں ڈکیتی ،قبضہ مافیا سمیت دیگر 18 سنگین مقدمات کی تفتیش کی جائے گی۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ضلع میں درج کسی بھی اہم اور بڑے مقدمہ کی تفتیش سی سی ڈی ڈیپارٹمنٹ کو منتقل ہو جائے گی، اہم کیسز کی تفتیش مقدمہ مدعی کی درخواست پر بورڈ کے افسر سی سی ڈی ڈیپارٹمنٹ کو منتقل کریں گے۔سی سی ڈی ڈیپارٹمنٹ کی منظوری کے بعد جلد افسروں کے تبادلے متوقع ہیں، سی سی ڈی ڈیپارٹمنٹ میں ایس ایس پیز،ایس پیز اور ڈی ایس پیز کے تبادلوں کا جلد نوٹیفکیشن ہو گا۔