پی ایس ایل 10 میں پہلی بار "اردو کمنٹری" کا منفرد اضافہ

پی ایس ایل 10 میں پہلی بار

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن میں شائقین کرکٹ کے لیے ایک نیا اور دلچسپ تجربہ متعارف کرایا جا رہا ہے۔

 اس سال پی ایس ایل میں پہلی بار اردو کمنٹری کا تڑکا لگایا گیا ہے، جس کا مقصد شائقین کو اپنی قومی زبان میں میچوں کی براہ راست نشریات کا لطف اٹھانے کا موقع فراہم کرنا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، اس سال شائقین پورے ٹورنامنٹ میں میچوں کی اردو کمنٹری سے محظوظ ہو سکیں گے۔ اس فیصلے کا مقصد پاکستانی کرکٹ کے چاہنے والوں کو نہ صرف کھیل کے ایکشن میں دلچسپی دینا ہے بلکہ انہیں اپنی زبان میں کمنٹری کے ذریعے زیادہ قریبی تجربہ فراہم کرنا ہے۔

پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ یہ ایک تاریخی لمحہ ہے کیونکہ پاکستان میں کرکٹ ایک طاقتور کھیل ہے، اور اردو کمنٹری کے ذریعے وہ شائقین کے دلوں میں مزید جگہ بنانا چاہتے ہیں۔کمنٹری کے تفصیلات بشمول انگریزی اور اردو کمنٹری پینلز کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔ پی ایس ایل کے 10ویں ایڈیشن کا آغاز 11 اپریل سے ہوگا، اور اس ایڈیشن میں اس نئی تبدیلی کا خیرمقدم کیا جائے گا۔