پی ایس ایل 12 میں 8 ٹیمیں ایک بار پھر ایکشن میں ہوں گی، ونڈو کا اعلان

پی ایس ایل 12 میں 8 ٹیمیں ایک بار پھر ایکشن میں ہوں گی، ونڈو کا اعلان

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12ویں ایڈیشن کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہوگیا، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل 12 کی ونڈو 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک مقرر کردی۔

پی سی بی کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 مسلسل دوسری مرتبہ 8 ٹیموں کے ساتھ کھیلا جائے گا۔ لیگ کی ونڈو پی ایس ایل گورننگ کونسل اور فرنچائزز کے درمیان مشاورت کے بعد حتمی کی گئی ہے۔ایچ بی ایل پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اجلاس یکم ستمبر کو لندن میں ہوا، جس میں تمام 8 فرنچائزز کے مالکان اور نمائندوں نے شرکت کی۔ پی ایس ایل 11 میں پہلی مرتبہ پلیئر ڈرافٹ کی جگہ پلیئر آکشن متعارف کرایا گیا، جبکہ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں 32 ہزار 461 تماشائیوں نے شرکت کرکے نیا ریکارڈ قائم کیا۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 نے دنیا کو لیگ کی صلاحیت دکھائی، سیزن میں سنسنی خیز لمحات اور ریکارڈ تعداد میں شائقین کی شرکت دیکھنے میں آئی، جبکہ لیگ نے براڈکاسٹ کے نئے ریکارڈ بھی قائم کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی ایک اور شاندار پی ایس ایل سیزن کے انعقاد کیلئے پُرعزم ہے۔

سی ای او ایچ بی ایل پی ایس ایل سلمان نصیر نے کہا کہ 2027 میں شائقین کی توقعات پر پورا اترنے کا عزم ہے اور پی ایس ایل 12 کی ونڈو کا اعلان اس سلسلے میں صرف پہلا قدم ہے۔ ان کے مطابق 8 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے پہلے سے زیادہ پرعزم ہوں گی اور پاکستان سمیت دنیا بھر کے شائقین پی ایس ایل 12 کے منتظر ہیں۔یاد رہے کہ پی ایس ایل 11 کا ٹائٹل پشاور زلمی نے اپنے نام کیا تھا۔ پشاور زلمی نے فائنل میں حیدرآباد کنگزمن کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر 9 سال بعد پی ایس ایل ٹرافی جیتی تھی۔پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل 12 کیلئے ڈائریکٹ سائننگز اور پلیئر آکشن کی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، جبکہ مکمل شیڈول، وینیوز اور ٹکٹنگ کی تفصیلات بھی بعد میں جاری کی جائیں گی۔