شہیدذوالفقار بھٹو کی قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی: ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد(آن لائن)ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے سابق وزیرِاعظم اورپاکستان پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 46ویں برسی کے موقع پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی جمہوریت، عوامی حقوق اور قومی ترقی کے لیے قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔ ڈپٹی سپیکر نے ایک بیان میں کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قیادت میں پاکستان کو 1973 کا متفقہ آئین ملا، جو آج بھی ملکی وحدت اور جمہوری نظام کی اساس ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عوام میں سیاسی شعور بیدار کیا اور انہیں اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے کا حوصلہ دیا۔ سید غلام مصطفیٰ شاہ نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کی قیادت میں پاکستان نے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی، جو ملکی دفاع کی ضمانت ہے، شہید بھٹو کی بے خوف قیادت اور عوامی خدمت کا جذبہ آج بھی سیاسی کارکنوں اور رہنماؤں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔