وزیراعظم سے نرس رضیہ نورین کی ملاقات قوم کی بیٹی کا نام سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا شہبازشریف

پمز آتشزدگی میں نومولود کو بچانے والی نرس کو ایک کروڑ روپے اور23مارچ کو تمغہ خدمت دیا جائیگا:وزیراعظم‘باقی بچے بھی  بچانا چاہتی تھی مگر دھماکہ ہونے سے اندھیرا چھا گیا‘ دوسری نرسوں نے بھی اچھا کام کیا:رضیہ نورین
  آزاد کشمیرو گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے‘ دانش یونیورسٹی میں معاشی طور پر کمزور طبقے کے ذہین طلبا ء و طالبات کو  عالمی معیار کی تعلیم یقینی بنائی جائے گی:شہبازشریف
اسلام آباد(آئی این پی‘آن لائن) وزیراعظم نے جان پر کھیل کر پمز واقعے میں نومولود کو بچانے والی نرس کو تمغہ خدمت اور ایک کروڑ روپے انعام دینے کا اعلان کردیا۔ وزیراعظم شہباز شریف سے نرس رضیہ نورین نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔اس موقع پر وزیر صحت مصطفیٰ کمال اور وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔وزیراعظم نے ان کے کارنامے کو سراہتے ہوئے کہا  قوم کی اس بیٹی کا نام سنہری حرفوں میں یاد رکھا جائے گا، وزیراعظم نے رضیہ نورین کو 23 مارچ کو تمغہ خدمت دینے اور ایک کروڑ روپے انعام دینے کا اعلان کیا۔نرس نے وزیراعظم پ کومز ہسپتال کی آتشزدگی اور بچے کو بچانے سے متعلق بتایا  میں چاہتی تھی  بقیہ بچے بھی بچاؤں مگر ایسا نہ ہوسکا، ایک بچے کو بچاتے ہی واپس آئی تو بلاسٹ ہوگیا اور اندھیرا چھاگیا، بقیہ نرسوں نے بھی بہت کام کیا ہے وہ بھی تعریف کی مستحق ہیں‘دری اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے قائد محمد نواز شریف کے وژن اور رہنمائی کے تحت آزاد کشمیر کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا جائے گا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے ملاقات کی۔ملاقات میں وفاقی وزیر نے وزیراعظم کو آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سے متعلق امور، بالخصوص جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔وفاقی وزیر نے آزاد کشمیر میں حالیہ انتخابات کے حوالے سے بھی وزیراعظم کو بریفنگ دی۔وزیراعظم نے آزاد کشمیر کے انتخابات کے انعقاد اور انتخابی عمل کے حوالے سے انجینئر امیر مقام کی کارکردگی کو سراہا۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ قائد محمد نواز شریف کے وژن اور رہنمائی کے تحت آزاد کشمیر کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا جائے گا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود، ترقی اور خوشحالی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس حوالے سے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔علاوہ ازیں زیرِ اعظم  شہباز شریف کی زیر صدارت دانش یونیورسٹی پر جائزہ اجلاس ہوا۔اس موقع پر شہبازشریف نے کہا  دانش یونیورسٹی میں معاشی طور پر کمزور طبقے کے ذہین طلبا و طالبات کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم یقینی بنائی جائے گی، دانش یونیورسٹی کے قیام میں اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ اسکا نظام روایتی یونیورسٹیوں سے ہٹ کر اور بہترین رکھا جائے۔ یونیورسٹی کی تعمیر کی معینہ مدت کے ساتھ منصوبے کی تفصیلات آئندہ دو ہفتوں میں مرتب کرکے پیش کی جائیں، دانش یونیورسٹی کے قیام کے پیچھے مرکزی محرکات میں سے اولین، غریب و متوسط طبقے کے طلبا و طالبات کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی فراہمی ہے۔