اسلام آباد (آئی این پی)قلات کے قریب کامیاب آپریشن پرصدرمملکت،وزیراعظم اوروفاقی وزیرداخلہ نے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیاہے۔ صدر آصف زرداری نے کہاہے کہ قوم دہشت گردی کیخلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے کہ آپریشن عزم استحکام کے تحت دہشت گردی کیخلاف فیصلہ کن کارروائیاں جاری رہیں گی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قلات میں این 25 پر فتنہ الہندوستان کے 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرکے 23 مغویوں کو بازیاب کرانے پرسکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ محسن نقوی نے کہاکہ سکیورٹی فورسز نے جرات و بہادری سے کارروائی کرتے ہوئے 23 شہریوں کو بحفاظت بازیاب کرایا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔