شمالی وزیرستان میں آپریشن، 4کمانڈروں سمیت 9 دہشت گرد ہلاک صدر‘وزیراعظم کا فورسز کو خراج تحسین

فتنہ الخوارج کے ہلاک  دہشت گرد کمانڈرز میں خالد رضا،  کامران،  موسی اور  مفتوم شامل ہیں‘اسلحہ‘گولہ بارود برآمد
راولپنڈی(آئی این پی )سکیورٹی فورسز  نے  خیبرپختونخوا میں عزم استحکام ویژن کے تحت آ پریشن  کے دوران  فتنہ الخوارج کے 4 اہم دہشتگرد کمانڈر سمیت 9 خوارج جہنم واصل کر دیئے۔سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے پلنگ زئی، ندیم کوٹ، کوٹ خضری میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر   فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں کیں، فتنہ الخوارج کے ہلاک اہم دہشت گرد کمانڈرز میں خارجی خالد رضا، خارجی کامران، خارجی موسی اور خارجی مفتوم شامل ہیں۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسزکی موثرکارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا، کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کئے گئے۔دریں اثنا صدرِ مملکت آصف علی زرداری،وزیر اعظم شہبازشریف اور وزیرداخلہ محسن نقوی  نے شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے