جماعت اسلامی کا ملک بھر میں احتجاج‘ جگہ جگہ دھرنے ‘اہم سڑکیں بند کردیں

لاہور میں کارکنوں نے  قرطبہ چوک ‘فیروز پور روڈ ، جیل روڈ ، کوئنز روڈ ، لٹن روڈ اور بہاولپور روڈ  سمیت متعدد سڑکوں کو بند کردیا 
 حکومت کو پٹرول سستا کرنا ہوگا ‘ مطالبہ تسلیم نہ ہوا تو عوامی طاقت سے حکمرانوں کو پیچھے دھکیل دیں گے:امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن
لاہور‘کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) جماعت اسلامی کی جانب سے پیٹرولیم لیوی کیخلاف ملک گیر احتجاجی دھرنے شروع ہوگئے، کارکنوں نے  مختلف شہروں میں موٹر وے اور اہم سڑکیں بند کردیں‘لاہور میںجماعت اسلامی نے فیروز پور روڈ قرطبہ چوک پر احتجاج کیا‘فیروز پور روڈ ، جیل روڈ ، کوئنز روڈ ، لٹن روڈ اور بہاولپور روڈ کو بند کردیا گیا۔ کراچی میں کارکنوں نے شہر کی مصروف ترین شاہراہ اورنگی اور حب ریور روڈ بند کردی ‘کارکنوں نے نیشنل ہائی پر بھی دھرنا دیا ‘ کوئٹہ میں میاں غنڈی چوک، پشاور میں ٹول پلازہ اور ملتان میں بوسن روڈ پر دھرنا دیا گیا‘کرک میں انڈس ہائی وے، بنوں میں سی پیک چوک اور چکدرہ میں انٹرچینج پر دھرنا دیا گیا‘امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان  نے کہا ہے  حکومت کو پیٹرول سستا اور پیٹرولیم لیوی کو ختم کرنا ہوگا۔اگر مطالبہ تسلیم نہ ہوا تو عوامی طاقت سے حکمرانوں کو پیچھے دھکیل دیں گے۔