ہوائی کے کیلاویا آتش فشاں نے دوبارہ پھٹنے کے بعد شاندار ویڈیو وائرل ہو گئی

ہوائی کے کیلاویا آتش فشاں نے دوبارہ پھٹنے کے بعد شاندار ویڈیو وائرل ہو گئی

ہوائی: دنیا کے سب سے زیادہ فعال آتش فشاؤں میں شمار ہونے والا کیلاویا آتش فشاں ایک بار پھر پھٹ پڑا، جس سے 100 میٹر بلند لاوے کے فوارے نکلنے لگے۔

امریکی میڈیا کے مطابق کیلاویا آتش فشاں 2 ستمبر کو دوبارہ پھٹا اور یہ بدھ تک جاری رہا۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال دسمبر سے اب تک یہ آتش فشاں 32 مرتبہ پھٹ چکا ہے۔امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) نے ہوائی کے جزیرے پر رات کے آسمان کو روشن کرنے والے لاوے کے دھاروں کی شاندار ویڈیو بھی تیار کی۔ یو ایس جی ایس کے مطابق، لاوا آدھی رات کو آتش فشاں کے شمالی حصے سے نکلنا شروع ہوا اور صبح تک جنوبی حصے سے بھی خارج ہونا شروع ہوگیا۔ خوش قسمتی سے سارا لاوا ہوائی وولکینوز نیشنل پارک میں رہنے والے محفوظ علاقے میں رہا۔USGS کے تخمینے کے مطابق، آتش فشاں نے اوسطاً 6,750 کیوبک فیٹ فی سیکنڈ لاوا پیدا کیا، جو ہر منٹ میں تقریباً پانچ اولمپک سائز کے سوئمنگ پولز کے برابر ہے۔

 حکام کا کہنا ہے کہ آتش فشاں کے ٹھنڈا ہونے تک لاوے کا بہاؤ جاری رہے گا۔کیلاویا کے پھٹنے سے تقریباً 55 ہزار ٹن سلفر ڈائی آکسائیڈ خارج ہوئی، جو ایک زہریلی گیس ہے اور فضاء میں ولکینک اسموگ (ووگ) پیدا کرتی ہے۔ہوائی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ آف ہیلتھ نے خبردار کیا کہ سلفر ڈائی آکسائیڈ اور ووگ آنکھوں اور نظام تنفس کو متاثر کر سکتے ہیں، خاص طور پر ان افراد کے لیے جو دمہ یا پھیپھڑوں کے دیگر دائمی مسائل میں مبتلا ہیں۔