مشرقی روس میں 7.0 شدت کا زلزلہ، 600 سال بعد کرشینینیکوف آتش فشاں پھٹ پڑا

مشرقی روس میں 7.0 شدت کا زلزلہ، 600 سال بعد کرشینینیکوف آتش فشاں پھٹ پڑا

ویب ڈیسک: روس کے مشرقی علاقے کمچاتکا اور کرِل جزائر میں اتوار کو 7.0 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ اسی رات 600 سال بعد کرشینینیکوف آتش فشاں پھٹ پڑا، جس سے 6 ہزار میٹر بلند راکھ کا بادل آسمان پر چھا گیا۔

زلزلے اور سونامی وارننگ:
روسی وزارت برائے ہنگامی خدمات کے مطابق زلزلے کے بعد ساحلی علاقوں میں سونامی وارننگ جاری کی گئی، تاہم کچھ دیر بعد اسے واپس لے لیا گیا۔امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) اور بحرالکاہل سونامی وارننگ سسٹم نے بھی زلزلے کی شدت 7.0 بتائی۔
آتش فشاں کا 600 سال بعد دھماکہ:
ماہرین کے مطابق کرشینینیکوف آتش فشاں 1463 کے بعد پہلی بار پھٹا ہے۔آتش فشاں سے نکلنے والی راکھ کے بادل مشرق کی طرف بحرالکاہل کی جانب بڑھتے دیکھے گئے، تاہم ان کے راستے میں کوئی آبادی موجود نہیں۔
ایوی ایشن الرٹ اور خدشات:
روسی وزارت نے آتش فشاں کے پھٹنے پر نارنجی ایوی ایشن الرٹ جاری کیا، جو پروازوں کے لیے بلند خطرے کی نشاندہی کرتا ہے۔ماہرین نے کہا کہ یہ سرگرمیاں گزشتہ ہفتے آنے والے 8.8 شدت کے زلزلے کے آفٹر شاکس اور جغرافیائی تبدیلیوں کا نتیجہ ہو سکتی ہیں۔
مزید آفٹر شاکس کا امکان:
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ کئی ہفتوں تک مزید آفٹر شاکس آنے کا خطرہ برقرار ہے، اس لیے ساحلی اور قریبی علاقوں میں ہنگامی نگرانی جاری رکھی جائے گی۔