جناح ہاؤس کیس: علیمہ خان کے بیٹے شیرشاہ کی ضمانت منظور

جناح ہاؤس کیس: علیمہ خان کے بیٹے شیرشاہ کی ضمانت منظور

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی جناح ہاؤس حملہ کیس میں علیمہ خان کے بیٹے شیرشاہ کی بعد از گرفتاری ضمانت منظور کرلی۔

انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں کیس کی سماعت جج منظر علی گل نے کی۔ سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنیں علیمہ خان اور عظمیٰ خان، سابق وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی کی اہلیہ مہرین قریشی اور ملزم شیرشاہ کے وکلاء رانا مدثر اور بیریسٹر تیمور عدالت میں موجود تھے۔شیرشاہ کے وکیل رانا مدثر نے مؤقف اپنایا کہ اب تک ملزم کے خلاف چالان پیش نہیں کیا گیا اور نہ ہی ٹرائل شروع ہوا ہے، ایسے میں اسے لامحدود عرصے تک قید میں رکھنا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ وکیل نے کہا کہ شیرشاہ پر کوئی براہِ راست الزام یا ثبوت موجود نہیں، اور ایسے ملزمان جن پر اس سے زیادہ سنگین الزامات تھے، انہیں ضمانت دی جا چکی ہے۔ صرف ایک ملزم کی نشاندہی پر کسی دوسرے کو ملوث نہیں کیا جا سکتا۔

دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا، بعد ازاں فیصلہ سناتے ہوئے شیرشاہ کی ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے شیرشاہ کو ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دیا۔یہ ضمانت ایسے وقت میں منظور کی گئی ہے جب 9 مئی کے مقدمات میں متعدد ملزمان کی ضمانتیں پہلے ہی منظور ہو چکی ہیں اور کئی کیسز کا ٹرائل تاحال شروع نہیں ہو سکا۔