ہرارے میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سری لنکا نے زمبابوے کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد چار وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
میچ کا آغاز سری لنکا کے ٹاس جیتنے سے ہوا، جس میں انہوں نے زمبابوے کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ زمبابوے نے شاندار آغاز کیا اور اوپنر برائن بینیٹ نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 49 گیندوں پر 81 رنز اسکور کیے۔ کپتان سکندر رضا نے 28 رنز بنائے اور ٹیم کو مقررہ 20 اوورز میں 175 رنز تک پہنچایا۔ سری لنکا کی جانب سے دشمانتھا چمیرا نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نوان تھشارا، مہیش تھیکشانا اور دشن ہیمانتھا نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔ہدف کے تعاقب میں سری لنکن اوپنرز پتھم نسانکا (55 رنز) اور کوشال مینڈس (38 رنز) نے شاندار 96 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ تاہم اس مضبوط بنیاد کے باوجود زمبابوے کے باؤلرز نے شاندار واپسی کی اور صرف دس رنز کے فرق سے تین وکٹیں گرائیں۔ ایک موقع پر سری لنکا 17ویں اوور میں 142 رنز پر چھ وکٹیں گنوا بیٹھا تھا، جس سے زمبابوے کی جیت کے امکانات روشن ہوگئے تھے۔
ایسے میں نوجوان بیٹر کمندو مینڈس نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 16 گیندوں پر 41 رنز کی اننگز کھیل کر میچ کا نقشہ بدل دیا اور سری لنکا کو آخری اوور میں فتح دلوا دی۔زمبابوے کی جانب سے رچرڈ نگاراوا نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ بلیسنگ مزارابانی، ٹینوٹینڈا مپوسا، بریڈ ایونز اور کپتان سکندر رضا نے ایک ایک وکٹ لی۔اس کامیابی کے ساتھ سری لنکا نے سیریز میں برتری حاصل کرلی ہے اور اگلا میچ جیت کر سیریز اپنے نام کرنے کی کوشش کرے گا، جبکہ زمبابوے کے پاس سیریز برابر کرنے کا موقع باقی ہے۔