گجرات میں مسلسل بارش نے نظامِ زندگی درہم برہم کر دیا ہے۔
گزشتہ 20 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 506 ملی میٹر بارش ہوئی جس کے نتیجے میں شدید اربن فلڈنگ نے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔شہری علاقوں میں بارش کے پانی نے گھروں، دکانوں، سرکاری اور نجی دفاتر کو ڈبو دیا ہے۔ کئی مقامات پر پانی کئی کئی فٹ تک داخل ہو گیا، جس کے باعث کاروباری سرگرمیاں معطل اور معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے۔ضلعی انتظامیہ نے صورتحال کے پیشِ نظر تعلیمی ادارے بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تاکہ طلبہ اور والدین کو مشکلات سے بچایا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر گجرات کے مطابق:
20 گھنٹوں میں 506 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
قمر سیالوی روڈ پر نالہ اوور فلو ہونے سے پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا۔
کچہری روڈ اور واپڈا کالونی میں بھی بارش اور سیلابی پانی نے شہریوں کو شدید مشکلات میں ڈال دیا۔
ڈسٹرکٹ جیل اور سیشن کورٹ میں بھی پانی داخل ہو گیا، جس کے باعث کئی قیدیوں کو ہنگامی طور پر لاہور اور گوجرانوالہ جیل منتقل کیا گیا۔
انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں نکاسیٔ آب اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، تاہم شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔