راولپنڈی : شہر میں اربن فلڈنگ (شہری سیلاب) کے خطرے کے پیش نظر ریسکیو 1122 نے ہنگامی اقدام کے طور پر شہر کے مختلف حساس علاقوں میں سائرن بجا کر شہریوں کو آگاہی دینے کا عمل شروع کر دیا ہے۔
شہر کے 10 مقامات پر ہنگامی اعلانات
ریسکیو ذرائع کے مطابق، کم از کم 10 مقامات پر عوامی آگاہی کے لیے لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے اعلانات کیے گئے، جن کا مقصد ممکنہ سیلابی صورتحال سے شہریوں کو خبردار کرنا اور بروقت حفاظتی اقدامات یقینی بنانا ہے۔
اعلانات میں کیا کہا گیا؟
ریسکیو ٹیموں کی جانب سے کیے گئے اعلانات میں واضح طور پر کہا گیا کہ:"محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز میں شدید بارشوں کی پیشگوئی ہے، جس کے باعث دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں میں طغیانی کا خطرہ موجود ہے۔ شہریوں کو تنبیہ کی جاتی ہے کہ وہ ان مقامات سے دور رہیں۔"
دفعہ 144 نافذ، نہانے یا جمع ہونے پر مکمل پابندی
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے اطراف دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ اس کے تحت:
پانی میں نہانے، تیرنے یا جمع ہونے پر مکمل پابندی عائد ہے
خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی
بچوں کو خاص ہدایت
اعلان میں خاص طور پر والدین کو ہدایت کی گئی کہ:"بچوں کو ہر صورت پانی کے قریب نہ جانے دیں، یہ پیغام آپ کی جان کی حفاظت کے لیے ہے، براہ کرم اس پر سختی سے عمل کریں۔"
ایمرجنسی میں رابطے کی ہدایت
کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ فوراً ریسکیو 1122 پر کال کریں تاکہ بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔